استور (اے پی پی) ترجمان صوبائی حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان وفاق میں بننے والی نئی حکومت کے ساتھ بہترین تعلقات استوار رکھنے کے خواہاں ہیں اور بہت جلد گلگت بلتستان کے چیدہ چیدہ مسائل سمیت فنڈز کی فراہمی کا معاملہ نئی حکومت کے ساتھ رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کا مقدمہ لڑیں گے۔، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نیک نیتی اور پوری ایمانداری کے ساتھ خطے کو تعمیر و ترقی اور مستقل امن کی شاہراہ پر گامزن دیکھنا چاہتے ہیں، قلیل وقت میں موجودہ صوبائی حکومت نے بڑے چیلنجز کا چابک دستی سے مقابلہ کیا ہے ، گندم سبسڈی کے میگا ایشو سے لیکر فنانس ایکٹ کی معطلی اور صحت کارڈ کی بحالی سمیت گزشتہ مہینوں گلگت بلتستان میں افراتفری کے ماحول کو پرامن مواقعوں میں بدلنے میں جو کرادر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور اس کی ٹیم نے کیا ہے اس کی نظیر کہیں نہیں ملتی۔