پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے بڑے مقابلے میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 2 وکٹوں سے ہرادیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 176 رنز کا ہدف کراچی کنگز نے 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
قلندرز کے فخر زمان ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوگئے، وہ 6 رنز بنا کر 9 کے مجموعے پر پویلین لوٹے، انہیں اسامہ میر نے آؤٹ کیا۔
ان فارم صاحبزادہ فرحان اور رسی ویندر ڈوسن نے اسکور کو آگے بڑھایا، لیکن 45 کے مجموعے پر ڈوسن 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
وکٹ پر موجود ایک جانب صاحبزادہ فرحان نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا لیکن دوسری جانب وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔
احسن حفیظ 8، جہانداد خان 12، شے ہوپ نے 21 رنز کے ساتھ ٹیم کے اسکور میں اپنا حصہ ڈالا۔
صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 72 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو قابلِ اعتبار ٹوٹل تک پہنچایا۔ جارج لِندا 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ، تبریز شمسی اور حسن علی نے دو دو وکٹیں لیں۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کا آغاز اچھا نہ تھا جہاں اسکے ابتدائی 4 کھلاڑی 44 رنز پر ہی پویلین لوٹ چکے تھے۔
کپتان شان مسعود نے 10، محمد اخلاق نے 7، جیمز وینس نے 8 جبکہ محمد نواز نے 15 رنز بنائے۔
پانچویں وکٹ پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے انتہائی تجربہ کار کھلاڑیوں میں سے دو شعیب ملک اور کیرون پولارڈ نے کراچی کنگز کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر جیت کی راہ پر گامزن کیا۔
پولارڈ نے 33 گیندوں پر 58 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، شعیب ملک نے ذمہ دارانہ باری کھیلتے ہوئے 32 گیندوں پر 39 رنز بنائے۔
143 کے مجموعے پر شعیب ملک اور کیرون پولارڈ دونوں ہی پویلین لوٹ چکے تھے، ایسے میں ڈینیل سیمز نے 7، حسن علی نے 9 جبکہ عرفان خان نے ناقابلِ شکست 13 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور برابر کیا۔ میر حمزہ نے اننگز کی آخری گیند کا سامنا کیا اور ایک رن بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان اور احسن حفیظ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حارث رؤف، جہانداد خان اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز پی ایس ایل 9 میں اب تک جیت سے محروم رہنے والی واحد ٹیم ہے، اس نے اب تک چار میچز کھیلے اور چاروں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
شان مسعود کی قیادت میں کراچی کنگز محمد اخلاق، جیمز وینس، شعیب ملک، کیرون پولارڈ، محمد نواز، عرفان خان نیازی، ڈینیئل سیمز، حسن علی، میر حمزہ اور تبریز شمسی پر مشتمل تھی۔
لاہور قلندرز کی ٹیم کی کپتانی شاہین آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی ویندر ڈوسن، شے ہوپ، سکندر رضان، جارج لِنڈا، احسن حفیظ بھٹی، جہانداد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔