پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کی جانب سے نئی منتخب اسمبلی کا اجلاس بلانے میں تاخیر اپنے اختیار کا ناجائز استعمال ہے۔
اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ قومی اسمبلی کے انتخابات مکمل ہوچکے، صدر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔ صدر پر لازم ہے وہ وزیراعظم کی سمری پر بلا تاخیر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں۔
شازیہ مری نے کہا کہ صدر مملکت 1 شخص کی وفاداری کے بجائے آئین کی پاسداری کریں۔ یہ وہی صدر ہے جس نے ماضی میں قومی اسمبلی کو غیرآئینی طریقے سے ختم کیا۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ صدر ماضی کی طرح آئین سے کھیلنے سے گریز کریں، صدر علوی کی ہر آئین شکنی اور عہدے کا غلط استعمال تاریخ کا حصہ رہے گا۔