• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعظم اور منرو کی اننگز رائیگاں، زلمی اعصاب شکن مقابلے میں فاتح

فوٹو بشکریہ پی سی بی
فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 13ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو اعصاب شکن مقابلے میں 8 رنز سے شکست دے دی۔ 

پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 193 رنز بناسکی۔


قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ایک مرتبہ پھر زلمی کے اوپنرز نے شاندار آغاز فراہم کیا، اس مرتبہ صائم اور بابر نے 77 رنز کی شراکت بنائی۔ صائم ایوب 21 گیندوں پر 38 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد 80 کے مجموعے پر 2 رنز بنانے والے محمد حارث اور اسی اسکور پر بغیر کوئی رن بنائے حسیب اللّٰہ خان آؤٹ ہوگئے۔ 

کپتان بابر اعظم نے پہلے 19 رنز بنانے والے وال والٹر اور پھر 8 رنز بنانے والے رومین پاول کے ساتھ شراکت بنا کر ٹیم کو 124 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔ 

بابر اعظم نے 59 گیندوں پر اپنے پی ایس ایل کیریئر کی دوسری جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی 11ویں سنچری مکمل کی۔

آصف علی نے 111 رنز بنانے والے بابر اعظم کا خوب ساتھ دیا، آصف نے 9 گیندوں پر 17 رنز بنائے، لیکن کپتان کے ساتھ انکی 31 گیندوں پر 77 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ رہی۔

پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔


اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 2 وکٹیں لیں جبکہ نسیم شاہ اور آغا سلمان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ 

اعظم خان نے 30 گیندوں پر 75 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ کولن منرو نے 53 گیندوں پر 71 رنز بنائے۔

ایک موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے جہاں 3 وکٹوں پر 181 رنز بنالیے تھے اور جیت کےلیے 13 گیندوں پر صرف 21 رنز درکار تھے، ایسے میں پشاور نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے یونائیٹڈ کے لیے جیت کو خواب بنادیا۔ 

181 کے مجموعے پر کولن منرو اور اعظم خان اپنی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔


عامر یعقوب نے 19واں اوور کروایا اور پشاور زلمی کے ایک یا دو نہیں بلکہ چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جس میں کولن منرو بھی شامل تھے۔ 

آخری اوور میں سلمان ارشاد نے عماد وسیم کو آؤٹ کر کے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت کی امیدیں ختم کردیں۔

پشاور زلمی کی جانب سے عارف یعقوب نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ صائم ایوب، لیوک ووڈ، نوین الحق اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ لی۔

سنچری بنانے والے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید