سیالکوٹ (نمائندہ جنگ) ممکنہ سیلاب، بارشوں سے نمٹنے اور عیدالفطر پر شہریوں کو صفائی کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹی ایم اے سیالکوٹ ، سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ریسکیو1122، لائیو سٹاک اور محکمہ صحت کے ملازمین کی عید کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔ یہ فیصلہ ڈ ی سی او ڈاکٹر آصف طفیل نے محکمہ موسمیات کی جانب سے عیدالفطر کے ایام میں شدید بارشوں کے خدشہ پر انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران کیا ۔ڈی سی او نے سیالکوٹ ویسٹ کمپنی اور چاروں تحصیل کی ٹی ایم اے کے مقامی حکام کو تلقین کی ضلع میں تمام عیدگاہوں اور مساجدوں کے اردگرد اور ان کو جانے والے راستوں کی خصوصی صفائی کرکے چونا کاری کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ شدید بارشوں کے دوران شہر کے نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنانے کیلئے تمام ڈسپوزل اسٹیشنوں اور ڈی واٹر سیٹس کو چالو حالت میں رکھا جائے ۔ ڈی سی او نے کہاکہ عید کے ایام میں ڈی سی او آفس میں ایمرجنسی کنٹرول روم کھلا رہے گا۔