بھارتی خاتون صارف آن لائن کھانا آرڈر کرکے سوشل میڈیا کی زینت بن گئی، اس کے کھانے کے آرڈر کی دلچسپ تفصیلات سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’زوماٹو‘ نامی بھارتی آن لائن فوڈ ڈلیوری سروس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک خاتون صارف کے کھانے کے آرڈر کا اسکرین شارٹ شیئر کیا ہے۔
اس اسکرین شاٹ میں ریتیکا نامی صارف نے فوڈ ڈلیوری سروس کو اپنے آرڈر کی شکایت کی، جس پر نمائندے نے صرف ان کے آرڈر کی تفصیلات پوچھیں۔
ریتیکا نے جواب میں لکھا کہ ’ایک فش فرائی‘۔
بس پھر کیا تھا خاتون صارف کا اتنا لکھنا تھا کہ ’زوماٹو‘ کے نمائندے کو مستی سوجی اور اس نے ’ایک مچھلی‘ سے منسوب سوشل میڈیا پر وائرل ٹرینڈ کی طرز پر جواب دے دیا کہ ’پانی میں گئی‘۔
خاتون صارف نے بھی ’زوماٹو‘ کے نمائندے کے جواب کا برا نہیں مانا اور خود بھی اسی ٹرینڈ میں شریک ہوگئی اور وہی جواب دیا جو آپ کے بھی دماغ میں ہے یعنی ’چھپاک‘۔
اگر آپ کو یہ ٹرینڈ سمجھ نہیں آیا تو کوئی بات نہیں ہم آپ کو بتاتے ہیں۔
آج کل سوشل میڈیا پر ایک کھیل ٹرینڈ کر رہا ہے، اس کھیل میں ایک سے زائد دوستوں کے گروپ باری بار ’ایک مچھلی، پانی میں گئی، چھپاک‘ کہتے ہوئے باریاں لیتے ہیں اور مچھلیوں کی تعداد میں اضافہ کرتے رہتے ہیں اور جو اس کی تعداد میں غلط کرتا ہے وہ آؤٹ ہوجاتا ہے۔
سننے میں یہ کھیل انتہائی مضحکہ خیز اور بچکانہ ہے لیکن سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔
صارف اور زوماٹو کے نمائندے کے درمیان اس ہلکے پھلکے مکالمے نے بہت سے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔