اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔
غزہ کے وزارت صحت کے مطابق غزہ کے جنوب مغربی علاقے میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں77 فلسطینی شہید ہوگئے۔
وزارت صحت کے مطابق غزہ میں پیش آنے والے سانحے میں شہادتوں کی تعداد 100 سے زائد ہوسکتی ہے۔
حماس نے کہا ہے کہ غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی حملہ جنگی جرم ہے۔ اسرائیلی حملہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے مکمل طور پر بے گھر کر نے اور فلسطینی کاز کو مٹانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
حماس نے اس موقع پر عرب لیگ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا فوری طور پر اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔ عرب لیگ اور سلامتی کونسل غزہ میں بڑے پیمانے پر قتل عام اورنسل کشی روکنے کے لیے کارروائی کرے۔
حماس کا مزید کہنا تھا کہ عرب ممالک فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کے بارے میں خاموشی توڑیں۔ غزہ میں خوراک اور طبی امداد پہنچانے کےلیے فوری طور پر متحرک ہوں۔
حماس نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں کے بڑے پیمانے پر قتل کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔