مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ جتنی پارلیمنٹ حکومت کی ہے اتنی ہی اپوزیشن کی ہے۔
اتحادی جماعتوں کے اسپیکر کے لیے ن لیگ کے نامزد امیدوار سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ آمد پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے سب دوست اور بھائی ہیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑنا یہ جمہوریت کا حُسن ہے، کوئی دشمنی تو ہے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی کا تقدس برقرار رکھنا ہر ممبر کی ذمہ داری ہے، شور شرابا ہوا تو تقاریر نہیں ہوسکیں گی، مسائل پر بات چیت نہیں ہوسکے گی۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ سیشن چلانا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا چاہے کم لوگ ہوں یا لوگ واک آؤٹ بھی کر جائیں، سیشن چلانا بڑی اور بھاری ذمہ داری ہے، اس کرسی پر بڑے ضبط سے بیٹھنا پڑتا ہے۔