• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سربراہ مجلس وحدت المسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا اس حوالے سے اندرون سندھ مختلف اضلاع سمیت شہر قائد کی تمام جامع مساجد میں خطباء نے تاریخ فلسطین اور صہیونی افواج کے وحشانہ حملوں میں شہید ہونے والے معصوم بچوں،خواتین ،بزرگوں سمیت متعدد بے گناہ عوام کے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد ازجلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعائیں کیں ۔بعد نماز جمعہ مساجد کے باہر احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے بھی کئے گئے جس میں ملکی عوام نے مظلوم فلسطینی مسلمان سے اظہار یکجہتی اور غاصب اسرائیل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔تفصیلات کےمطابق کراچی میں جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے باہر مرکزی احتجاج کیا گیا جس کی قیادت سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کی اس موقع پر کراچی ڈویزن کے صدر علامہ صادق جعفری، علامہ ملک عباس، علامہ مبشر حسن، فلسطین فاونڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم سمیت مظاہرین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔مظاہرین نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی پر زور مذمت کرتے ہوئے امریکہ، اسرائیل کے خلاف شدید نعرے لگائےاور پرچم نظر آتش کئے۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں دیگر مقررین کاکہنا تھا کہ عرب اور مسلمان حکمرانوں کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ عرب حکومتیں اسرائیل کو تیل اور گیس کی سپلائی بند کریں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید