• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مبینہ پولیس مقابلوں میں 2 ملزمان ہلاک، 4 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) کراچی پولیس نے دو انتہائی خطرناک دو ملزمان کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک اور ایک کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے،ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اوڈھو نے جمعہ کو کراچی پولیس آفس میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ شب کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے ای بی ایم کازوے ندی پر چار مسلح ڈاکو شہری سے لوٹ مار کررہے تھے کہ پیٹرولنگ پولیس وہاں پہنچی جس پر ڈاکوؤں نے شدید فائرنگ شروع کر دی،پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو ڈاکو مارے گئے جبکہ دو ندی کے کچے علاقے بند کی طرف فرار ہو گئے،پولیس نے بند پٹی اور مہران ٹاؤن کے علاقے میں اضافی نفری کے ہمراہ سرچ آپریشن کیا اور تیسرے ملزم کو گرفتار کر لیا ،ہلاک ڈاکوؤں کی کی شناخت منٹھار اور علی اصغر جبکہ گرفتار ملزم کی جان محمد کے نام سے ہوئی ہے ، ہلاک اور گرفتار ملزمان سے تین پستول، چھینے ہوئے موبائل فونز، نقدی اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے،انہوں نے بتایا کہ ملزمان گھروں میں دوران ڈکیتی خواتین کا ریپ بھی کیا کرتے تھے،ملزمان کازوے ندی، ملیر ، شاہ فیصل ، کورنگی، نیشنل ہائی وے ، موچکو، سمیت دیگر علاقوں میں گروہ بنا کر لوٹ مار کرتے تھے،ملزمان قتل اقدام قتل، اسٹریٹ کرائم ، ڈکیتی اور ہاؤس روبری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ،علاوہ ازیں سائٹ بی پولیس نے شہر میں گزشتہ 28 برس سے ڈکیتیاں کرنے والے دو انتہائی خطرناک ڈاکوؤں کو پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے،ملزمان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانہ جات میں 52 مقدمات درج ہیں،ملزمان وسیم اللہ عرف کمانڈو اور سید جاوید شفیق کو سائیٹ ایریا میں فائرنگ کے تبادلہ کے بعد گرفتار کیا گیا،پولیس نے بتایا کہ ملزمان پوش علاقوں میں وارداتوں سمیت بینک سے کیش لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے میں ملوث ہیں،ملزمان کے قبضے سے دو غیرقانونی پستول اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے ،سعید آباد پولیس نے حب ریور روڈ سے دوران واردات مزاحمت پر پولیس اہلکار کو گولی مار کر زخمی والے ڈکیت مصطفٰی عرف حپو کر گرفتار کر کے غیرقانونی پستول اور موٹرسائیکل برآمد کرلی ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید