نیوزی لینڈ کرکٹ کا دو رکنی سیکیورٹی وفد پاکستان پہنچ گیا، وفد میں نیوزی لینڈ پلئیرز ایسوسی ایشن کے ہیتھ ملز اور آزاد سیکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں وفد اسلام آباد اور راولپنڈی میں انتظامات کا جائزہ لے گا، وفد ٹیم ہوٹل اور پنڈی اسٹیڈیم بھی جائے گا جہاں انہیں اعلیٰ سطح کی بریفنگ بھی دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں وفد لاہور میں انتظامات کا جائزہ لے گا، اور ان کا ٹیم ہوٹل اور اسٹیڈیم کا دورہ شیڈولڈ ہے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کو اپریل میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے، دورے سے قبل سیکیورٹی وفد کا انتظامات کا جائزہ لینا معمول کی بات ہے۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی، 28 اپریل تک جاری رہنے والے دورے میں پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 اپریل کو ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں تین میچز راولپنڈی اور دوسرے مرحلے میں دو میچز لاہور میں تجویز کیے گئے ہیں۔