متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کو صدارتی الیکشن میں ووٹ دینے کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ملاقات کے لیے آنے والے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اب صدارت کے عہدے کا الیکشن ہو رہا ہے، پیپلز پارٹی کے آصف علی زرداری امیدوار ہیں، وفد نے حمایت مانگی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے کہا کہ ہم نے آگے کی راہوں کی بات کی ہے، ہماری مفاہمت کی تاریخ ہے، ہم پہلے بھی ساتھ چلتے رہے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کل شام کراچی میں ہم نے رابطہ کمیٹی کا اجلاس رکھا ہے، آصف علی زرداری کو ووٹ دینے کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کرے گی۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ توقع کرتے ہیں ہیں کہ مل کر آگے چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے وعدہ کیا ہے کہ کل رابطہ کمیٹی سے مشاورت کر کے ہمیں آگاہ کریں گے۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بھی ساتھ چلتے رہے ہیں، وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ساتھ مل کر چلیں۔
پی پی رہنما نے کہا کہ اس سے پہلے بھی آصف علی زرداری کو بطور صدر مملکت ایم کیو ایم پاکستان نے تجویز کیا تھا۔
پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا وفد ملاقات کےلیے اسلام آباد میں کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی کی رہائشگاہ پہنچا۔
وفد میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، اسحاق ڈار، نوید قمر اور خورشید شاہ شامل تھے۔