اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ جس نمبر پر بیٹنگ کر رہا ہوں وہاں خود کو بیٹنگ آل راؤنڈر سمجھتا ہوں، اگر دیر سے بیٹنگ کررہا ہوتا تو پھر بولنگ آل راؤنڈر کے طور پر تیار کرتا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ ورلڈکپ بہت دور ہے، ابھی پی ایس ایل میں آل راؤنڈر رہوں تو بہت ہے، امید ہے پرفارم کرکے ٹیم میں کم بیک کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ شان بھائی کو تھوڑی غلط فہمی ہوگئی تھی جس پر وہ ناراض ہوئے تھے، حیدر علی کو ہمیشہ پوری طرح بیک کیا، حیدر علی جیسے کھلاڑی کو جب آپ پلیٹ فارم دیتے ہیں تو وہ اچھا کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی اپنا نقصان نہیں چاہتا، اندازہ ہے کہ اگر بولنگ کروں گا تو ٹیم میں رہوں گا، آل راؤنڈر ہونے کا فائدہ ہوتا ہے کہ کسی ایک چیز میں اچھا ہوجائے تو اعتماد بحال رہتا ہے۔
شاداب خان نے مزید کہا کہ کرکٹ میں بیٹنگ صلاحیت میری نیچرل ہی ہے، میری زیادہ محنت بولنگ میں ہوتی ہے۔