پی ایس ایل 9 کے 28ویں اور اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو آخری گیند پر شکست دے کر پلے آف کےلیے کوالیفائی کرلیا۔
فاتح ٹیم کی جانب سے سعود شکیل نے ناقابلِ شکست 88 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ محمد وسیم جونیئر نے آخری گیند پر شاہین آفریدی کو چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو میچ جتوایا۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خواجہ نافع نے 26، جیسن روئے نے 18 اور کپتان رائیلی روسو نے 13 رنز کی اننگز کھیلی۔ لوری ایونز 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد وسیم 7 پر ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دو وکٹیں جہانداد خان نے لیں۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 166 رنز بنائے۔
کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 34 گیندوں پر 55 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، اُن کی وکٹ محمد عامر کے حصے میں آئی۔
لاہور قلندرز کے بیٹر اسد شفیق نے 39 گیندوں پر 59 رنز بنائے، وہ ناقابل شکست رہے، انہوں نے دوران بیٹنگ 2 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں مرزا بیگ 12، شائے ہوپ 5، صاحبزادہ فرحان 25 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے ابرار احمد نے 2، محمد عامر اور محمد وسیم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
فتح گر اننگز کھیلنے پر سعود شکیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کپتان رائیلی روسو، جیسن روئے، سعود شکیل، خواجہ نافع، عمیر بن یوسف، لوری ایوانز، اکیلن حسین، محمد وسیم جونیئر، محمد عامر، ابرار احمد اور سہیل خان پر مشتمل تھی۔
لاہور قلندرز کی ٹیم میں کپتان شاہین شاہ آفریدی، صاحبزادہ فرحان، طاہر بیگ، عبداللّٰہ شفیق، شے ہوپ، سکندر رضا، ڈیوڈ ویسا، جارج لِنڈا، جہانداد خان، زمان خان اور طیب عباس شامل تھے۔