کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش نے پاکستان میں ممکنہ سیاسی رد عمل کے خدشات کی بنا پر اپنی ٹیبل ٹینس ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے ٹیبل ٹینس ٹیم کو کراچی میں 15 جولائی سے پھر ہونے والی ایشین جونیئر اورکیڈٹ چیمپئن شپ میں حصہ لینا تھا جس میں چار ملکوں نے شرکت کی تصدیق کردی ہے ۔جن ملکوں میں بھارت، نیپال، سری لنکا اورمالدیپ شامل ہیں۔ بھوٹان میں ملکی مشکلات کی وجہ سے اپنی ٹیم کودستبردار کرنے کا فیصلہ کیا ہے بنگلہ دیش ٹیبل ٹینس کے حکام نے پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کو بذریعہ فیکس اپنی عدم شرکت سے آگاہ کردیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں1971میں پاکستان کی حمایت کرنے والے بعض سیاسی رہنماؤں کو دی جانے والی پھانسی کے بعد پیداہونے والی صورتحال اور کراچی میں کسی بھی ممکنہ ردعمل کے پیش نظر بنگلہ دیش نے اپنی ٹیم کو نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیمپئن شپ 15 سے 17 جولائی تک حبیب پبلک اسکول کے ہال میں کھیلی جائے گی ۔