لاہور (ایجنسیاں، نیوز ڈیسک)سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ بالواسطہ پیغامات دیئے جارہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی ُچپ نہ بیٹھے تو جیل سے نہیں نکلیں گے۔ لاہور ميں ميڈيا ٹاک کرتے ہوئے انہوں نے شکوہ کيا کہ عمران خان کو آنکھ کا انفیکشن ہوا لیکن انہیں بتایا تک نہیں گيا۔ مریم نواز کی تعریفیں کرنے پر علیمہ خان پی ٹی آئی لاہور کے صدر جمیل اصغر بھاٹی پر برہم ہوگئیں، انہوں نے کہا کہ مریم کی تعریفیں کم کریں،ان کارکنوں کا خیال کریں جو جیلوں میں ہیں۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ آج پہلی بار اپنے لاہور کے صدر کو یہاں دیکھا ہے، آپ کب سے لاہور کے صدر بنے ہیں۔ جمیل اصغر بھٹی نے جواب دیا کہ میں نو مئی کے بعد صدر بنا تھا جس پر علیمہ خان نے کہا کہ آپ نو مئی کے بعد چھپے ہونگے، مریم نواز کی تعریفیں کم کریں، جو ورکرز جیلوں میں ہیں انکا خیال کریں۔