لندن (جنگ نیوز) ومبلڈن ٹینس میں سابق ورلڈ نمبرون اینا ایوانوک کی پہلے رائونڈ میں چھٹی ہوگئی۔ انہیں ورلڈ نمبر223روسی پلیئر ایکٹرینا الیگزنیڈر ووا نے ٹھکانے لگایا، سابق عالمی نمبر ون کلائی کی انجری میں دوبارہ تکلیف ہونے پر ریو اولمپکس تک کھیلوں سے دور چلی گئیں، نووک جوکووک نے انگلش حریف جیمز وارڈ کو باآسانی مات دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سیزن کے تیسرے گرینڈ سلم ومبلڈن کے ابتدائی دن سابق فرنچ اوپن چیمپئن اینا ایوانووک پہلے رائونڈ کی مہمان بن گئیں، انہیں ورلڈ نمبر 223روسی پلیئر ایکٹرینا الیگزنیڈر ووا نے ٹھکانے لگا دیا، ان کی شکست کا اسکور2-6اور5-7رہا۔ اینا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں اپنی کلائی کی انجری کے سبب اب اولمپکس تک دوبارہ کھیل میں حصہ نہیں لے پائوں گی، دوسری جانب روسی پلیئر نے گرینڈ سلم ڈیبیو کو فتح سے یادگار بنالیا، فرٹ رائونڈ کے دیگر میچز میں سیکنڈ سیڈ گاربین مگروزا نے کمیلا جیورجی کو مات دی۔ کرومی نارا نے میڈیسن برینگل اور وینس ولیمز نے ڈونا ویکس کو زیر کیا، مینز سنگلز میں2بار کے دفاعی چیمپئن نووک جوکووک نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے انگلش حریف جیمز وارڈ کو زیر کرلیا، ڈیوڈ فیرر نے ڈوڈی سیلا اور کائی نیشکوری نے سموئل گروتھ پر غلبہ پالیا۔