• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غریب عوام کے پیسے کو مزید ضائع نہیں ہونے دوں گا، وزیراعظم



وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کو استحکام دے کر اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، غریب عوام کے پیسے کو مزید ضائع نہیں ہونے دوں گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ملکی معیشت کی ترقی کیلئے آئندہ 5 سال کا معاشی روڈ میپ پیش کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق  روڈ میپ میں مہنگائی میں کمی، غربت میں تخفیف اور روزگار کی فراہمی کو حصہ بنایا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس پلان پر عملدرآمد کے لیے مشاورت کی جائے، وقت ضائع کیے بغیر ملکی معیشت کے استحکام کیلئے منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ان منصوبوں کے حوالے سے عملدرآمد کا شیڈول بنا کر پیش کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کے اقدامات کیے جائیں، چھوٹے و بڑے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

 وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ حکومتی اخراجات کو کم کریں گے، زرعی شعبے میں بھی جدت سے فی ایکڑ پیداوار بڑھائیں گے، ڈیجیٹلائزیشن اور جدت سے محصولات بڑھائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نقصان میں چلنے والے حکومتی اداروں کی ترجیحی بنیادوں پر نجکاری کی جائے گی۔

قومی خبریں سے مزید