بالی ووڈ کے شہنشاہ و لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل ہونے اور سرجری سے متعلق گردشی خبروں کو جعلی قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ 81 سالہ لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی طبعیت اچانک ناساز ہوگئی ہے، جس کے باعث انہیں ممبئی کے کوکیلابین اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی اینجیو پلاسٹی کی گئی ہے۔
تاہم گزشتہ شب اداکار کو انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ (آئی ایس پی ایل) کے فائنل میچ کے دوران دیکھا گیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بھی سینیئر اداکار نے اس فائنل میچ سے تصویر شیئر کی ہے اور ساتھ کیپشن میں انہوں نے بتایا کہ آئی ایس پی ایل کے فائنل میں انہیں لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے ساتھ وقت گزارنا بہت اچھا لگا۔
امیتابھ بچن نے لکھا کہ آج شام آئی ایس پی ایل کے فائنلز کے دوران عظیم کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے ساتھ وقت گزارنا اور ان سے کرکٹ کے بارے میں سیکھنا اور ان کے کرکٹ کے حوالے سے ناقابل یقین تجربات کو جاننا قابل تعریف ہے۔
اسی میچ کے بعد بگ بی نے میڈیا سے مختصر گفتگو بھی کی جس کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
مذکورہ ویڈیو میں امیتابھ بچن کو اسٹیڈیم سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، اس دوران صحافی نے اداکار سے ان کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ آپ کی اینجیو پلاسٹی کیسی رہی؟
صحافی کے سوال پر بگ بی نے پہلے تو اپنے ہاتھوں سے اشارہ کیا کہ سب ٹھیک ہے ، پھر بتایا کہ یہ ’جعلی خبر‘ ہے اور پھر وہ مسکراتے ہوئے وہاں سے چلے گئے۔