کار حادثہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی فضل حفیظ کی میت دو ہفتوں سے ٹورانٹو کے مردہ خانہ میں لاوارث پڑی ہے۔ پاکستانی قونصل خانہ اور کمیونٹی متوفی کے ورثا کی تلاش میں ہیں۔
مقامی پولیس کے مطابق فضل حفیظ دو ہفتے پہلے ٹورانٹو کے شمال میں واقع ایک شہر ”اوون ساؤنڈ“ کے ہائی وے پر کار حادثہ میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ وہ ٹورانٹو میں اکیلے رہتے تھے۔
ٹورانٹو پولیس نے پاکستانی قونصل خانہ سے رابطہ کیا ہے۔
قونصل جنرل آف پاکستان خلیل باجوہ نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ ہم نے نادرا سے ریکارڈ منگوایا ہے جس کے مطابق فضل حفیظ کی جائے پیدائش بہاولپور ہے جبکہ ان کا آخری پتہ سمن آباد لاہور کا ہے۔