• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصل آباد، سیوریج کی صفائی کے دوران 2 مسیحی نوجوانوں کی ہلاکت کا نوٹس لے لیا گیا

پنجاب کے صوبائی وزیر انسانی حقوق و پارلیمانی امور خلیل طاہر سندھو ، فائل فوٹو
پنجاب کے صوبائی وزیر انسانی حقوق و پارلیمانی امور خلیل طاہر سندھو ، فائل فوٹو

پنجاب کے صوبائی وزیر انسانی حقوق و پارلیمانی امور خلیل طاہر سندھو نے فیصل آباد میں 2 مسیحی نوجوانوں کی سیوریج لائن میں زہریلی گیس کے باعث ہلاکت کا نوٹس لے لیا۔

گزشتہ روز فیصل آباد میں سرگودھا روڈ پر سیوریج کی صفائی کے دوران واسا کے 2 ملازم ہلاک ہوگئے تھے۔

ہلاک ہونے والوں کے لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے داد رسی کی اپیل کی۔

فیصل آباد میں سیورج لائن میں ہلاک ہونے والے شان اور آصف کی ماؤں نے وزیر اعلیٰ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے اپنی پہلی تقریر میں فرمایا تھا کہ اقلیتیں آپ کے سر کا تاج ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ دُکھ ہے آج ہمارے بیٹے ڈیوٹی کے دوران موت کے منہ میں چلے گئے، اس طرح کی اندوہناک موت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ امید ہے آپ ہمارے صفائی کرنے والے ہیروز کی ماؤں کو انصاف دلوائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے والے مسیحیوں کو بھی انسان سمجھا جائے۔

آصف اور شان کی والدہ کی مریم نواز شریف سے اپیل ہے کہ ایسے اقدامات یقینی بنائیں کہ سیفٹی کے آلات کے ذریعے ان کی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

صوبائی وزیر انسانی حقوق و پارلیمانی امور خلیل طاہر سندھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ لواحقین کی داد رسی کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید