پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بینائی متاثر ہونے کی خبروں کو پریشان کن قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہر جیل سخت ہو یا نرم اپنے قیدی کو ایک بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے، یہ جگ بیتی بھی ہے اور آپ بیتی بھی، بانی پی ٹی آئی کی بینائی متاثر ہونے کی خبریں تواتر سے آرہی ہیں اور یہ پریشان کُن ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ فوری اور موثر علاج ہر انسان کا بنیادی حق ہے، مریض اگر قیدی ہو اور آپ کا سیاسی مخالف بھی ہو تو اس کے حقوق کی حفاظت کرنا زیادہ اہم ہو جاتا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اصولاً بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ یا پارٹی کو سپریم کورٹ تک جانے کی ضرورت ہی نہیں پڑنی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ان کے دور حکومت میں سیاسی مخالفین سے بدسلوکی کے واقعات دہرانا اعلیٰ ظرفی نہیں ہوگا، حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر سرکاری موقف جاری کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ سے ان کی ملاقات کروائی جائے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی منشا کے مطابق ڈاکٹرز کو ان تک رسائی دی جائے، بانی پی ٹی آئی کے بہترین علاج کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں۔