• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نعت رسول مقبولﷺ اور احادیث کے ذریعے ٹک ٹاک پر لاکھوں فالوورز حاصل کیے، پاکستانی ٹک ٹاکر

جاپان میں مقیم پاکستانی ٹک ٹاکر سلیم گجر نے کہا ہے کہ نعت رسول مقبولﷺ اور احادیث کے ذریعے ٹک ٹاک پر ڈھائی ملین فالوورز حاصل کیے ہیں۔

یہ بات جاپان میں مقیم سینئر پاکستانی ٹک ٹاکر سلیم گجر نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

سلیم گجر نے کہا کہ وہ پچھلے پانچ سالوں سے ٹک ٹاک پر ہیں، شروع میں وہ گانوں اور میوزک کے ساتھ ویڈیوز اپ لوڈ کرتے رہے ہیں تاہم گزشتہ ایک برس سے وہ صرف دینی ویڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ جاپان کے علاوہ افریقی ملک یوگنڈا میں بھی کاروبار کرتے ہیں، لہٰذا ان کا یوگنڈا بھی آنا جانا رہتا ہے اور وہاں بھی وہ پاکستانی کمیونٹی کے حوالے سے ٹک ٹاک پر ویڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں۔

سلیم گجر نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے انسان منفی اور مثبت ہر طرح کا پیغام دے سکتا ہے لیکن انہوں نے دین کے فروغ کےلیے ٹک ٹاک کا استعمال شروع کیا جس پر ان کی بہت مخالفت بھی کی جاتی ہے لیکن وہ اصول میں پکے ہیں۔

پاکستانی ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ابھی تک ٹک ٹاک کو پیسے کمانے کا ذریعہ نہیں بنایا کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ شوق کو کمائی کا ذریعہ نہیں بنایا چاہیے۔

سلیم گجر نے تمام والدین کو نصیحت کی کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں کہ وہ سوشل میڈیا پر کیا کر رہے ہیں کیونکہ سوشل میڈیا ایک آزاد ذریعہ ہے اور اس پر نوجوانوں کے بگڑنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انکی خواہش اور کوشش ہے کہ انکے فالوورز کی تعداد پانچ ملین تک پہنچے اور وہ ٹک ٹاک سے ذریعے دین کے فروغ میں مزید کردار ادا کرسکیں۔

خاص رپورٹ سے مزید