• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرسن آف دی ایئر 2025 مصنوعی ذہانت کے معمار قرار

تصویر:بین الاقوامی میڈیا
تصویر:بین الاقوامی میڈیا

مشہور امریکی رسالے ٹائم میگزین نے 2025 کے پرسن آف دی ایئر کے اعزاز کے لیے اس سال کے AI آرکیٹیکٹس یعنی مصنوعی ذہانت (AI) کے معماروں کو منتخب کرلیا۔

ٹائم میگزین نے اس فیصلے کے ذریعے دنیا بھر میں اے آئی کے بڑھتے ہوئے اثر، خاص طور پر میڈیا، سیاست اور کام کی جگہوں پر اس کے بھرپور اثرات کو اُجاگر کیا ہے۔

ٹائم کے ایڈیٹر ان چیف سیم جیکبز نے قارئین کے نام اپنے خط میں لکھا کہ پرسن آف دی ایئر کا اعزاز دنیا کی توجہ اُن لوگوں کی جانب مرکوز کرتا ہے جو ہماری زندگیوں کو ایک نئی شکل دیتے ہیں اور اس سال زیادہ اثر ان لوگوں نے ڈالا جنہوں نے اے آئی کا تصور کیا، اسے ڈیزائن کیا اور تیار کیا۔

انہوں نے مزید لکھا یہ وہ سال تھا جب مصنوعی ذہانت کی پوری صلاحیت منظرِ عام پر آئی اور جب واضح ہو گیا کہ پیچھے مڑ کر دیکھنے یا اس سے دستبردار ہونے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔

ٹائم میگزین نے اس اعزاز کے لیے دو کور فوٹوز بھی جاری کی ہیں، ایک کور پر صرف اے آئی کو اجاگر کیا گیا ہے، جبکہ دوسرے کور پر ایک پینٹنگ شامل ہے جو مشہور 1932 کی تصویر Lunch atop a Skyscraper سے متاثر ہے، اس پینٹنگ کو آرٹسٹ جیسن سیلر نے بنایا ہے۔

پینٹنگ میں دنیا بھر کے معروف ٹیک لیڈرز کو دکھایا گیا ہے، جس میں مارک زکربرگ، لیسا سو، ایلون مسک، جینسن ہوانگ، سیم آلٹمین، ڈیمس ہسابیس، داریو اوموڈی اور فے فے لی شامل ہیں۔

ٹائم میگزین نے اے آئی کو جوہری ہتھیاروں کے ظہور کے بعد سے عظیم طاقتوں کے درمیان مقابلے میں سب سے زیادہ نتیجہ خیز آلہ قرار دیا ہے، جس سے عالمی سیاست اور معاشی رقابت پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

گزشتہ سال 2024 میں پرسن آف دی ایئر کا اعزاز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو دیا گیا تھا، جو 2016 میں بھی اس اعزاز کے مستحق قرار پائے تھے۔

خاص رپورٹ سے مزید