• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن سے قبل مودی کے حربے، کجریوال گرفتار، کانگریس کے اکاؤنٹس منجمد

نئی دہلی (جنگ نیوز ) بھارت میں مودی حکومت نے الیکشن سے قبل نئے حربے استعمال کرنا شروع کردیئے، اپوزیشن کو مفلوج کرنے کیلئے اقدامات، وزیراعلیٰ نئی دہلی اروند کجریوال کو شراب پالیسی میں جعلسازی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا .

 اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے ، کانگریس نے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سےرجوع کرلیا، عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ یہ بی جے پی کی گندی سیاست ہے، کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ یہ سب کچھ ہمیں ہرانے کیلئے کیا جارہا ہے ۔ 

تفصیلات کے مطابق مودی حکومت نے دہلی حکومت کی پالیسی میں جعل سازی کے الزام میں عام آدمی پارٹی کے سر براہ اور نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروندکجر یوال کو گرفتار کرلیا ہے ۔ جمعرات کو بھارت کی مالیاتی کرائم ایجنسی نے انہیں حراست میں لیا ۔ اس اقدام کو مئی میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل اپوزیشن کےلیے بڑا دھچکہ قرار دیا جارہا ہے ۔

 کجریوال کی گرفتاری سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک دہائی پرانی عام آدمی پارٹی کی پوری مرکزی قیادت جیل میں ہے ۔

 اسی مقدمے میں کجریوال کے دو نائبین گزشتہ سال گرفتار کئے گئے تھے ۔ عام آدمی پارٹی نے اسے بی جے پی کی گندی سیاست قرار دیا ہے ۔

 اس مالیاتی کرائم ایجنسی کا انفور سمنٹ ڈائر یکٹوریٹ (ای ڈی ) لگائے گئے ۔ الزامات کی تحقیقات کررہا ہے ۔نئی دہلی حکومت کی شراب پر پالیسی کے تحت2022ء میں شراب کی فروخت پر نئی دہلی حکومت کا کنٹرول ختم کردیا گیا تھا ۔ جس سے نجی خوردہ فروشوں کو مالی فوائد حاصل ہوئے ۔

 نئی دہلی اسمبلی کے رکن آتشی کے مطابق اے اے پی حالیہ گرفتاریوں کو کالعدم قراردلانے کےلیے عدالت سے رجوع کرے گی ۔ خاتون رکن کے مطابق اس کےلیے سپریم کورٹ سے فوری سماعت کی استدعا کی گئی ہے ۔

 دریں اثناء سابق حکمراں جماعت کا نگریس کے رہنما ء راہول گاندھی نے انتخابات سے قبل ٹیکس مقدمے الجھاکر کانگریس کو مفلوج کردینا چاہتے ہیں ۔ جس کے تحت انکم ٹیکس مقدمے میں کانگریس کے کھاتے منجمد کئے جانے کا خدشہ ہے ۔

 گزشتہ ماہ کانگریس کے بینک انکم ٹیکس ٹر بیونل نے کانگریس سے ایک ارب 35 کروڑ روپے ایک کروڑ63لاکھ20ہزار ڈالرز بازیابی کیلئےکارروائی روکنے کی استدعا مسترد کردی۔

 کانگریس رہنماؤں نے نئی دلی میں پارٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ انتخابی مہم کے لئے اپنے کھاتوں سے رقم نہیں نکال پا رہے ہیں جسکی وجہ سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا پڑا ہے۔ 

بھارتی محکمہ انکم ٹیکس نے کانگریس کے بینک کھاتوں کو منجمد کر دیا تھا۔ کانگریس کا کہنا کہ محکمہ انکم ٹیکس نے ایسا مودی حکومت کے اشارے پر کیا ہے۔

راہول گاندھی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہمارے رہنما ہوائی سفر کرنے کے قابل نہیں ہیں، وہ ریل سے بھی سفر نہیں کر سکتے،ہمارے لیے اپنے رہنماؤں کو ایک شہر سے دوسرے شہر بھیجنا مشکل ہو گیا ہے ،ہم اشتہار نہیں دے پا رہے، ملک کے20فیصد لوگ ہمیں ووٹ دیتے ہیں، لیکن آج ہمارے پاس دو روپے نہیں ہیں، یہ سب ہمیں الیکشن میں ہرانے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ 

اہم خبریں سے مزید