وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کی ستھرا پنجاب مہم کے ختم ہونے میں 3 دن رہ گئے لیکن خود مریم نواز کے حلقے سمیت کئی رہائشی علاقوں میں کچرے کے ڈھیر جوں کے توں ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے پنجاب کو گندگی سے پاک کرنے کےلیے یکم مارچ سے 31 مارچ تک ستھرا پنجاب مہم شروع کی گئی تھی۔
پورے پنجاب کے کھلے میدانوں، قبرستانوں اور اسکولوں کے باہر سے کوڑا اٹھایا جانا تھا، وزیر اعلیٰ نے یہ ٹاسک لوکل گورنمنٹ کو سونپا تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے اپنے حلقے میں بھی صورتحال بہتر نہ ہوسکی، جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر اور ابلتے نالوں نے پول کھول دیا۔
لاہور کے مختلف علاقے جن میں گلبرگ، محمود بوٹی، والٹن روڈ سمیت دیگر علاقے بھی ایسا ہی منظر پیش کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کرین آئی تھی مگر ملازم نہیں آئے اور اگر آ بھی جائیں تو تصویریں بنا کر چلے جاتے ہیں۔
صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق کا کہنا ہے کہ صفائی بہت مشکل کام ہے، خالی میدانوں میں 1000 کوڑے کے ڈھیروں میں سے 400 صاف کرلیے ہیں مزید کام بھی کریں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس مہم کی بنیاد پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی مربوط حکمت عملی بنانے کا حکم جاری کیا تھا۔