سکھر بیراج میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے،آئندہ چوبیس گھنٹوں میں سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہوگا جبکہ بیراج انتظامیہ نے دریائے سندھ میں لب مہران کے مقام پر کشتیوں پر پابندی عائد کرنے کےلیے خط بھی لکھ دیا ہے۔
انچارج کنڑول روم سکھر بیراج عبدالعزیز سومرو کے مطابق سیلابی صورتحال کے پیش نظر محکمہ آبپاشی کو ہائی الرٹ جاری کردیاگیا ہے،بیراج کے تمام دروازے بھی کھول دیے گئے ہیں۔
فلڈ کنڑول سینٹر کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 2لاکھ77 ہزار 249کیوسک اوراخراج 2لاکھ 38ہزار 982کیوسک ریکارڈ کی گئی جبکہ سکھر بیراج میں پانی کی آمد 1لاکھ 63 ہزار 185کیوسک اوراخراج 1لاکھ 7 ہزار 435کیوسک ریکارڈ کی گئی۔
بیراج کے نزدیک تفریحی مقام لب مہران پر پانی کا بہاؤ تیز ہےاس لیے بیراج انتظامیہ نے کشتی کی سیر کو بند کرنے کےلیے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔