• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ، پاکستان کو اردن سے 7-0 کی بدترین شکست

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) اردن کے موسیٰ التماری کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستانی ٹیم کو 7-0کی بدترین شکست کاسامنا کرنا پڑا۔ یہ گروپ میچز میں پاکستان کی سب سے بڑی شکست ہے اس سے قبل تاجکستان سے 6-1کی شکست کا سامنا رہا تھا۔ گروپ جی میں یہ پاکستان کی مسلسل چوتھی شکست ہے، ان میچز میں پاکستانی ٹیم 20 گول کھاچکی ہے جبکہ اس نے صرف ایک گول کیا۔ اردن کی ٹیم چار میچز میں سات پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ سعودی عرب دس پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ چار ٹیموں کے گروپ میں قومی ٹیم سعودی عرب، تاجکستان اور اردن سے ہارکرچوتھی پوزیشن پر ہے۔ بدھ کو عمان انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں موسیٰ التماری نے پہلا، چوتھا اور چھٹا گول کر کے ہیٹ ٹرک کی۔ یزان النعمت نے 28ویں منٹ میں پنالٹی پر دوسرا گول کیا۔ سعد الرؤسان نے 52ویں ، علی علوان نے 75 ویں جبکہ محمد ابو زریق نے 83 ویں منٹ میں گول کیا۔ پاکستانی ٹیم کو 16 نومبرکو سعودی عرب میں اوے کی بنیاد پرمیچ میں اسے 4-0جبکہ 21 نومبر کو ہوم گراؤنڈ (اسلام آباد) میں تاجکستان کے خلاف 6-1 کی بڑی شکست کا سامنا رہا۔ راؤنڈ کےتیسرے میچ میں 21مارچ کو اردن کےخلاف ہوم گراؤنڈ میں 3-0 کی شکست کا سامنا رہا۔ گروپ میں اب قومی ٹیم 6 جون کو سعودی عرب کے خلاف ہوم گراؤنڈ پرجبکہ قومی ٹیم 11جون 2024ء کو تاجکستان کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلے گی۔ اس راؤنڈ کے میچز مکمل ہونے کے بعد گروپ ٹو سے دو ٹاپ ٹیمیں اگلے راؤنڈ میں پہنچیں گی۔ تیسرے راؤنڈ میں جانے والے 18 ممالک کو بعد میں قرعہ اندازی کے ذریعے چھ کے تین گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔

اسپورٹس سے مزید