• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری اداروں کو جلد درسی کتب فراہم کی جائیں‘ ن لیگ

کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے سابق صدر ارباب اقبال کاسی ، سابق جنرل سیکرٹری جاوید اعوان و دیگر نے بیان میں کہا ہے کہ تعلیمی سال شروع ہوچکا ہے لیکن افسوس کہ ابھی تک درسی کتب کی فراہمی ممکن نہ ہوسکی ،جس سے بچوں کا تعلیمی وقت ضائع ہورہا ہے،اس لئے فوری طور پر بچوں کو کتابیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر دعوے تو کئے جاتے ہیں لیکن اس کے برعکس سرکاری تعلیمی اداروں کو بروقت کتب نہ ملنے کی وجہ سے غریب طلباء کا تعلیمی سال ضائع ہورہا ہےلہٰذا ضروری ہے کہ سرکاری سکولوں میں درسی کتب کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔درایں اثناء بیان میں وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی جانب سے کوئٹہ شہر میں صفائی مہم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے شہر کی خوبصورتی کیلئے اقدامات سے واضح تبدیلی محسوس ہورہی ہے ، وزیراعلیٰ اور کمشنر کوئٹہ جہاں کوئٹہ پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں وہیں ان سے اپیل کی جاتی ہے کہ شہر کے اکثر علاقے آج بھی پینے کے پانی سے محروم ہیں لہٰذا شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں۔ بیان میں انہوں نے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر سیدال خان ناصر‘ آغا شہباز درانی اور راحت بی بی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل اور جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ کی بہترین کارکردگی کی بدولت تمام سینیٹر بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب سینیٹر ایوان بالا میں بلوچستان کی آواز بن کر عوام اور صوبے کے مسائل اجاگر کرینگے۔
کوئٹہ سے مزید