پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صاحبہ کی اپنے حقیقی والد امام ربانی سے ملاقات ہوگئی۔
صاحبہ نے ماضی میں اپنے مختلف انٹرویوز میں اس بات کا ذکر کیا ہے کہ اُنہوں نے اپنے حقیقی والد کو کبھی نہیں دیکھا اور ان کی پرورش سوتیلے والد نے کی ہے۔
اب حال ہی میں اُنہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے والد امام ربانی سے زندگی میں پہلی ملاقات کے دوران بنائی گئی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔
اُنہوں نے ان تصاویر کے کیپشن میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ زندگی میں پہلی بار والد سے ملاقات ہوگئی۔
صاحبہ نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر والد سے ہونے والی پہلی ملاقات کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ میری اپنے والد سے رواں ماہ 11 مارچ کو زندگی میں پہلی بار ملاقات ہوئی اور اس ملاقات کی ویڈیو بنانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن میں نے ماضی میں اپنے کئی انٹرویوز میں یہ بتایا تھا کہ میں نے اپنے والد کو کبھی نہیں دیکھا اس لیے سوچا کہ مداحوں کی بھی اپنے حقیقی والد سے ملاقات کروا دوں۔
واضح رہے کہ اداکارہ صاحبہ کا تعلق ایک فلمی گھرانے سے ہے اور ان کی والدہ نشو بیگم اپنے دور کی فلموں کی مشہور اداکارہ تھیں۔