بالی ووڈ کے سینئر اور ورسٹائل اداکار نانا پاٹیکر کی جانب سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹسمین ویرات کوہلی کے لیے ان کی گہری عقیدت و محبت کے انکشاف پر انٹرنیٹ صارفین نے مزاح پر مبنی چہ مگوئیاں کیں۔
اس دوران کچھ صارفین نے میمز بنائیں تو کچھ نے اپنے ردعمل کا بھی اظہار کیا۔
نانا پاٹیکر کے مطابق ویرات انکے پسندیدہ کھلاڑی ہیں، اور وہ بڑی پابندی سے انکا کھیل دیکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی دورہ آسٹریلیا میں کچھ بجھے بجھے سے نظر آئے اور انکی پرفارمنس پہلی جیسی نہیں رہی۔
بھارتی میڈیا کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں 74 سالہ نانا پاٹیکر نے تسلیم کیا کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ انھوں نے ویرات کی پرفارمنس کے حوالے سے جو امیدیں باندھ رکھی ہیں اس میں اگر وہ جلدی آؤٹ ہوجاتے ہیں تو انکی بھوک اڑ جاتی ہے، انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ناشتہ ہی نہیں کرتے۔
نانا پاٹیکر کی اس بات پر سوشل میڈیا پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ کچھ نے مذاق میں قیاس آرائی کی کہ سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے دن کے کھیل کے دوران ویرات کوہلی جلدی آؤٹ ہوئے تو کیا نانا پاٹیکر کھانا کھا پائیں گے؟
یاد رہے کہ ویرات کوہلی سڈنی ٹیسٹ میں صرف 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔