• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرسٹر گوہر کا بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر عدلیہ کی آزادی کیلئے ریلی نکالنے کا اعلان


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا ہے کہ انکی جماعت قیدی نمبر 804 کی رہائی اور عدلیہ کی آزادی کےلیے ریلی نکالے گی۔ 

راولپنڈی میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے  بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی، بانی پی ٹی آئی سے پارٹی لیڈر شپ اور وکلاء کی تفصیلی ملاقات ہوئی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے ایسا کیسے ممکن ہے ججوں کے گھروں میں کیمرے لگائے جائیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اتوار کے دن پشاور میں عدلیہ کی آزادی اور قیدی نمبر 804 کی رہائی کےلیے ریلی نکالیں گے۔ عدلیہ کی آزادی کےلیے ریلی کی ہدایت بانی پی ٹی آئی نے کی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہم جلد بانی پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھیں گے، خط میں لکھیں گے کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا۔

تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ اتوار کے روز 2 بجے پشاور میں ریلی نکالی جائے گی، پی ٹی آئی تمام جماعتوں کو ریلی میں شرکت کی دعوت دے گی،6 اپریل کو اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ ہوگا، ہمارا جلسہ پر امن ہوگا۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ ججز کے خط میں پی ٹی آئی کے کیسز سے متعلق دباؤ کا ذکر کیا گیا ہے، سپریم جوڈیشل کونسل نے خط کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے سامنے رکھا ہے۔

 اس موقع پر موجود لطیف کھوسہ نے کہا کہ  ایک سزا یافتہ مجرم کو لندن سے بلاکر ریڈ کارپٹ پروٹوکول دیا گیا، نواز شریف اور ان کے خانوادوں کے تمام کیسز ختم کیے گئے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ ججز پر دباؤ سے متعلق پاکستان کی تمام بارز نے مراسلے لکھے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید