• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رعایت ختم، یورپی یونین کے ممالک جانے والوں کو اپنے پاسپورٹ کی معیاد چیک کرنے کا انتباہ

لندن (سعید نیازی) تعطیلات کیلئےیورپی یونین کے ممالک جانے کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو انتباہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے پاسپورٹ کی معیاد چیک کرلیں کیونکہ ’’پاسپورٹ 10ائررول‘‘ کے سبب ان کی تعطیلات کا پروگرام خراب ہو سکتا ہے کیونکہ پہلے برطانوی پاسپورٹ 10سال کے بعد مزید 9ماہ تک کارآمد رہتا تھا تاکہ اس عرصہ کے دوران اس کی تجدید کرالی جائے، برطانیہ کے یورپی یونین میںشمولیت کے وقت ایسے پاسپورٹس کو قبول کیا جاتا تھا جو 10سال کے بعد اضافی مدت پر ہوتے لیکن یورپی یونین سے انخلا کے بعد 10سال سے زائد مدت والے پاسپورٹ قابل قبول نہیں رہے ہیں۔ ایسے میں بعض مسافروں کو طیارے میں سوار ہونے سے پہلے روکا جا رہا ہے جبکہ وہ پرواز کیلئے آن لائن چیک ان کرنے کے بعد سیکورٹی اور پاسپورٹ کنٹرول سے بھی گزر چکےہوتے ہیں۔ بریگزٹ کے بعد یورپی ممالک کے علاوہ آئس لینڈ، ناروے اور سوئٹزرلینڈ جانے کیلئے ایسا پاسپورٹ کارآمد ہے جو 10برس سے کم عرصہ قبل جاری کیا گیا ہو، آئرلینڈ جانے والے اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔ اس کے علاوہ پاسپورٹ واپسی کی تاریخ کے بعد بھی تین ماہ تک کارآمد ہونا چاہئے۔ برطانیہ میں ستمبر 2018سے قبل جاری ہونے والے پاسپورٹ 10 برس اور 9ماہ تک کارآمد ہیں اورہوم آفس کے اعدادوشمار کےمطابق 2014سے ستمبر 2018تک 32.1ملین پاسپورٹ کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ وچ کے ٹریول ایڈیٹر روری بولینڈ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک جانے کی منصوبہ بندی کرنے والے اپنے پاسپورٹ پر اس کے ختم ہونے کی تاریخ چیک کرلیں کیونکہ پاسپورٹ ختم ہونے کے سبب روز تقریباً 200افراد کو پرواز پر سوار ہونے سے روکا جا رہا ہے اور ایک برس میں ایسے مسافروں کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے ائیرلائنز سے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں مسافروں کو بکنگ کے وقت مزید معلومات فراہم کریں۔ واضح رہے کہ امریکہ، آسٹریلیا اور تیونس جانے والے مسافروں کےپاسپورٹ ختم ہونے کی تاریخ تک قابل قبول ہوتے ہیں۔ ہوم آفس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بیرون ملک جانے کیلئے پاسپورٹ کے حوالے سے تازہ ترین معلومات ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جاتی رہتی ہے۔ حکومتی منصوبے کے مطابق 11اپریل سے بالغ شخص کے پاسپورٹ کی فیس 82.50سے بڑھ کر 88.50 پائونڈ ہو جائے گی جبکہ 16برس سے کم بچوں کے پاسپورٹ کی فیس 53.30سے 57.50پائونڈ ہو جائے گی۔

یورپ سے سے مزید