• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکان کی تعمیر کے آغاز سے پہلے اچھی طرح منصوبہ بنالیں

اگر آپ نیا مکان بنوانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ آپ اپنے بجٹ کے اندر پائیدار اور خوبصورت گھر تعمیر کروانے میں کامیاب ہوجائیں تو مندرجہ ذیل باتوں کو ضرور ذہن میں رکھیں۔

اکثر لوگ مکان کی تعمیر کے تکنیکی پہلوؤں سے نابلد ہوتے ہیں، اس لیے انہیں لامحالہ ٹھیکیدارکی خدمات حاصل کرنی پڑتی ہیں۔ اگر آپ بھی کسی ٹھیکیدار کی خدمات حاصل کرنے کا سوچ رہے ہیں تو آپ کو چاہیے کہ کسی قابل اعتبا ر اور معروف ٹھیکیدار سے اپنا مکان بنوائیں تاکہ آپ کو بعد میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نقشہ کی تیاری

گھر کی تعمیر سے قبل نقشہ سازی یا فلور پلان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ یہ وہ اسکیچ یا ڈیزائن ہوتا ہے جو تعمیراتی کام شروع کرنے سے قبل آپ کے خوابوں کے محل کو خاکے کی شکل میں آپ کے سامنے کھڑا کردیتا ہے۔ موجودہ دور میں ڈیزائن کی تلاش اور انتخاب کا مرحلہ ماضی کی نسبت زیادہ آسان ہوگیا ہے۔

یقینی طور پر نہیں کہا جاسکتا کہ کیسے اور کہاں سےشروع کیا جائے؟ لیکن اس سے قبل آپ کی جانب سے ذاتی طور پر چند سوالات کے جوابات تلاش کرلینا بے حد ضروری ہے۔ یہ جوابات ایک بہترین نقشے کی تیاری کا مرحلہ بے حد آسان کردیں گے۔

ٹیکنالوجی کی ترقی کے باعث آجکل تو 3Dفلور پلان بھی بنایا جارہا ہے، جس کے ذریعے آپ پیپر کے بجائے اپنے مکان کا متوقع ڈیزائن اپنے سامنے دیکھنے کے قابل ہوجاتے ہیں، اس طرح آپ کے لیے کسی قسم کی ترمیم کرنا بھی آسان ہوجاتا ہے۔

جائے تعمیر

نقشہ سازی کے بعد آپ کو اپنے منصوبے کو حقیقی شکل دینی ہوتی ہے۔ آپ کو پلاٹ اور اس کے25فٹ اطراف میں صفائی کروانی چاہئے تاکہ ملبہ اور جھاڑیاں وغیرہ کام میں رکاوٹ نہ بنیں۔ ایک سرویئر اصل پلاٹ کی ڈرائنگ کی بنیاد پرجائیداد کی حدود کو ظاہر کرتا ہے۔

زمین کے اندر تنصیبات لگانے کیلئے ٹھیکیدار کی ضرورت ہوتی ہے۔اس کے علاوہ ایک یا زیادہ پورٹیبل ٹوائلٹ آرڈر کریں تاکہ مزدوروں کو سہولت رہے۔ گیس، بجلی وغیرہ کے عارضی کنکشنز کا بھی انتظام کریں اور عارضی بجلی کے پینلز لگانے کے لیے الیکٹریشن کی خدمات حاصل کریں۔

کنکریٹ کی بنیاد ڈالنا

یہ کام کھدائی کے ٹھیکیداروں اور بنیاد ڈالنے والے ماہرین کے ذریعے کیا جاتا ہے اور اس کام میں بہت مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ آپ کے گھر کی تعمیراتی لاگت کا ایک بہت بڑا حصہ بنیاد ڈالنے پر لگتا ہے۔ نقشے کے طول وعرض کے حساب سے بڑی بڑی خندقیں کھودی جاتی ہیں۔ تاہم اگر زیرِ زمین پانی کے ٹینک کی ضرورت ہو تو پہلے اس کی کھدائی اور تعمیر کی جاتی ہے، پھر ان خندقوں میں کنکریٹ ڈالا جاتا ہے۔

ان بنیادوں کے نیچے یا اندر سے نکاسی اور پانی کی لائنیں بھی نکالی دی جاتی ہیں۔ ٹھیکیدار عمودی بنیادوں پر دیواریں تعمیر کرتا ہے،جس میں ٹھوس کنکریٹ یا کنکریٹ سے بنے بلاکس استعمال کیے جاتے ہیں۔ بنیاد کوزمین کی بلندی تک واٹر پروف بنایا جاتا ہے۔

تنصیبات

اگر آپ سلیب و الی بنیاد رکھ رہے ہیں تو ایسا کرنے سے پہلے آپ کو پلمبر اور الیکٹریشن کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی۔ پلمبر پائپس بچھائے گا جوکہ کنکریٹ کے ساتھ ڈھک جاتے ہیں جبکہ الیکٹریشن برقی لائنوں کو کنکریٹ کے سلیب کے ذریعے (اگر زیرِ زمین وائرنگ کی ضرورت ہو) نکالے گا۔

کنکریٹ سلیب ڈالنا

پلمبر اور الیکٹریشن جب اپنے اپنے کام انجام دے دیتے ہیں تو پھر ٹھیکیدار کنکریٹ کا سلیب یا مسالا ڈالتا ہےجو امکانی طور پرمکسر ٹرک سے تیار ہوتا ہے۔ اگر آپ گیراج یا تہہ خانہ بنا رہے ہیں تو ان جگہوں پر ٹھوس کنکریٹ ڈالنے کا بھی یہی وقت ہے۔ اگر آپ کو بعد میں ایسا کرنا یاد آیا تو پھر ٹھیکیدار کو الگ سے رقم دینی ہوگی۔

تعمیرات کی شکل

کھدائی کے بعد بنیاد بھی رکھی جاچکی اور کنکریٹ کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے۔ اب آپ کے مکان کی شکل نکلنا شروع ہوگی۔ کارپینٹر فرش، دیواروں اور چھتوں کے لئے لکڑی کا فریم لگائے گا اور پھر شیٹنگ، سائیڈنگ اور چھت سازی کی تنصیب کا کام ہوگا۔ یہ کام غیر معمولی تیزی کے ساتھ مکمل کیا جاسکتا ہے۔ ایک یا دو ہفتے کے اندر آپ اپنے زیرِ تعمیر مکان کو تیار شکل کے طور پر پہچاننے کے قابل ہونے لگیں گے۔

مکان کے منصوبے کی بنیاد پر مطلوبہ لکڑی ، کیلیں ، فریمنگ کو ڈھکنے والی بوریاں اور چپکنے والی چیزوں کا ایک فریم آرڈر آپ کو تیار کرنا ہوگا۔ مناسب وقت پر کارپینٹر ز پر مشتمل عملہ گھر کی دیواروں کو فریم کرنے پہنچ جاتا ہے۔ فریمنگ میں مکان کا بنیادی ڈھانچہ نظر آتا ہے، ڈھانچے کے لیے کارپینٹرز تختے یا شیٹس استعمال کرتے ہیں۔

اس کے بعد کھڑکیاں، دروازے اور اسکائی لائٹس نصب کی جاتی ہیں ۔ عام طور پر ، یہ کام اسی کارپینٹر کے عملے کے ذریعہ کیا جاتا ہے جس نے فریمنگ کی ہو، بعض اوقات اسے دوسرا عملہ بھی انجام دے دیتا ہے۔ جب عمارت کی شیٹس لگانے کا کام اور دروازے کھڑکیوں کی تنصیب کی جارہی ہوتی ہے تو الیکٹریکل اور پلمبنگ کا کام کرنے والے ٹھیکیدار کے ساتھ ساتھ اپنے حصے کا کام بھی شروع کرسکتے ہیں۔

الیکٹریکل اور پلمبنگ آلات کی تنصیب 

آپ کے مکان میں اندرونی طور پر ہونےو الا کام مزدوروں، الیکٹریشنز، پلمبرز ، اور HVAC (ہیٹ، وینٹی لیشن، ایئرکنڈیشن) ماہرین کی مدد سے شروع ہوتا ہے۔ اگر آپ نے گھر میں آتشدان بنوانا ہو تو مزدور چمنی بنائیں گے۔ الیکٹریشنز اور پلمبرز بجلی کے سرکٹس، پلمبنگ پائپوں اورHVAC سسٹم کیلئےکام کرتے ہیں۔ وہ اپنا کام ختم کرکے چلے جائیں گے اور کچھ دنوں بعد دیواروں اور چھت کی تعمیر کے بعد مختلف فکسچرز کی تکمیل کیلئےواپس آئیں گے۔

یہ تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد آپ کا گھر اب تقریباً تیار ہوچکا ہے اور اب صرف معمولی یا غیرمعمولی (آپ کے ذوق اور بجٹ کے مطابق) آرائش کے بعد آپ اس میں باقاعدہ رہائش اختیار کرسکتے ہیں۔