فلسطینی عوام سے اظہارِ یک جہتی کے لیے کراچی کی شارع قائدین پر شب غزہ کے عنوان سے جماعتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام مارچ کیا گیا۔
مارچ میں جماعتِ اسلامی کے کارکنان اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو حماس نے شکست دے دی ہے، غزہ میں ہونے والے ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرار داد کے بعد بھی اسرائیل باز نہیں آیا، چاروں طرف سے صہیونی بم باری کر رہے ہیں، اسپتالوں پر بم باری کی جا رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں شب بیداری کا فریضہ انجام دیا ہے، شب بیداری کے توسط سے دعاگو ہیں کہ اللّٰہ فلسطینی بچوں کی مدد فرمائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی بولے یا نہ بولے ہم اپنے حصے کا چراغ جلاتے رہیں گے، فلسطین کے ساتھ ہمارے رشتے کو کوئی نہیں توڑ سکتا، فلسطین کے ساتھ جدوجہد جاری رکھنی ہے، پوری دنیا تک پیغام پہنچانا ہے۔
اس موقع پر فلسطینی رہنما خالد قدومی نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اسرائیل کی پشت پناہی اور فلسطینوں پر ظلم کروا رہا ہے۔
انہوں نے اپیل کی کہ غزہ میں 35 ہزار لوگ شہید ہو چکے ہیں، وہاں کے مہاجرین کو پاکستان میں پناہ دی جائے اور ان کا علاج کیا جائے۔