ٹھٹھہ(نامہ نگار) عید کے دوسرے اور تیسرے روز کراچی، اور اندرون سندھ کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے ہزاروں افراد نے تاریخی شاہجہان مسجد، کینجھر جھیل، واٹر پارک، مکلی کے تاریخی مقامات اور دریائے سندھ پر قائم ٹھٹھہ سجاول پل سمیت مختلف مقامات کی سیر کی اور خوب انجوائے کیا۔ عید کے دوسرے اور تیسرے دن کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں حیدرآباد، لاڑکانہ، بدین اور دیگر سے ھزاروں کی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے پکنک منانے کے لیے کینجھر جھیل پہنچ گئے، یہاں آنیوالوں نے ایک جانب خوبصورت موسم کا مزہ لوٹا تو دوسری جانب جھیل کے ٹھنڈے ٹھنڈے پانی میں نہا کر خوب انجوائے کیا، بچے بڑے سب کشتیوں میں سوار جھیل کی سیر کرتے نظر آئے جب کہ سینکڑوں افراد نے جھیل کے کنارے سے ٹیوب کرائے پر حاصل کرکے جھیل کے پانی میں تیر کر موج مستیاں کیں۔ یہاں آنیوالے اپنے ہمراہ میوزک سسٹم بھی لائے تھے گانوں کی دھن پر منچلوں نے خوب ڈانس کیا اور سیلفیاں بھی بنائیں، جب جھیل کی سیر سے تھکے تو بریانی، تکے، بوٹی، سموسے، پکوڑے اور کباب سمیت ساتھ لائے ہوئے دیگر عمدہ کھانوں کے مزے لوٹے بعض نے جھیل کے کنارے پکا کر بھی کھایا، دوسری جانب شام کے اوقات میں ٹھٹھہ- کراچی قومی شاہراہ پر ٹریفک جام کے باعث سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں مسلسل کئی گھنٹوں تک پھنسی ہوئی نظر آئیں۔