سینیٹ کی نشستوں پر باقی صوبوں کی طرح کل خیبرپختونخوا کی 11 نشستوں پر بھی الیکشن ہو گا یا نہیں؟ صورتحال اب تک غیر واضح ہے۔
اسپیکر نے پشاور ہائی کورٹ کے حلف لینے کے حکم پر عمل نہیں کیا، نہ ہی الیکشن کمیشن کی وارننگ کو خاطر میں لائے، 27 مارچ کو ہائی کورٹ نے مخصوص نشستوں والے اراکین سے حلف لینے کا حکم دیا تھا۔
اسپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم سواتی پشاور ہائی کورٹ کو جواب دینے پہنچ گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم سواتی نے کہا کہ سیشن جاری نہیں تھا نہ ہی اجلاس کی ریکوزیشن آئی تو حلف کیسے لیتے، ہم قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، عدلیہ کا احترام نہیں کریں گے، تو پھر قانون کی بالادستی کی بات کیسے کریں گے، عدلیہ کا فیصلہ موصول ہوا تو لیگل ٹیم کے ساتھ مشورہ کیا، عدالت کو حقائق سے آگاہ کرنے آئے ہیں۔
اسپیکر صوبائی اسمبلی کا کہنا ہے کہ ججز اور عدالیہ کا احترام کرتے ہیں، عدالیہ کے سامنے حقائق رکھنے آئے ہیں، اجلاس بلانے کے بعد ہی مخصوص نشستوں کے ارکان سے حلف لیں گے، سینیٹ انتخابات کل ہوں گے یا نہیں، اس کا الیکشن کمیشن جواب دے گا۔
سلیم سواتی کا کہنا ہے کہ گورنر نے اجلاس کے لیے آرڈر کیا تھا، قانونی ٹیم اور محکمۂ قانون نے مشورہ دیا گورنر کے پاس اجلاس بلانے کا اختیار نہیں، سینیٹ الیکشن کرانے کے لیے تیار ہیں، اسمبلی سیکریٹریٹ نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، اسمبلی ہال کو پولنگ اسٹیشن ڈکلیئر کردیا گیا ہے، الیکشن کمیشن اب بادشاہ ہے، جب چاہے انتخابات کرائیں۔