وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مظفر گڑھ، لیہ اور جھنگ کے شمسی توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کےلیے ضروری تقاضے پورے کیے جائیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرِ صدارت بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے اجلاس میں ایس آئی ایف سی کے تحت خلیجی ممالک سے معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ریکوڈک سے گوادر بندر گاہ تک ریلوے کنیکٹوٹی کےلئے فزیبیلٹی اسٹڈی کروائی جائے۔ تھر کول کی پاور پلانٹس تک رسائی کےلئے ریلوے لائن پر کام شروع کیا جائے۔
وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گوادر پورٹ کی ڈریجنگ کا کام مکمل ہوگیا، اب وہاں بڑے بحری جہاز لنگر انداز ہو سکتے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ خلیجی ممالک سے قابل تجدید توانائی اور آئل ریفائننگ کے شعبوں میں کثیر سرمایہ کاری متوقع ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کان کنی، غذائی تحفظ اور بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا امکان ہے، جبکہ لاجسٹکس، واٹر سپلائی اور ویسٹ منیجمنٹ کے شعبوں میں بھی کثیر سرمایہ کاری متوقع ہے۔