وفاقی سیکریٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محی الدین وانی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر کراچی میں دانش اسکول قائم کیا جارہا ہے جس کے تحت مستحق، ضرورت مند اور یتیم بچوں کو چھٹی جماعت سے انٹر میڈیٹ تک تعلیم دی جائے گی۔
جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محی الدین وانی کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے اسکولوں میں میٹرک کی سطح پر انٹر پنیورشپ کی تدریس شروع کرنے کے لیے نصاب کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔
وفاقی سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ پنجاب میں دانش اسکول میں پڑھنے والے بچوں کو نہ صرف بغیر کسی فیس کے بالکل مفت تعلیم دی جاتی ہے بلکہ کھانا اور رہائش بھی فراہم کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کا معیار تعلیم بلند کرنے اور انہیں پرائیویٹ اسکولوں سے بہتر بنانے کےلیے ڈیجٹلائز کیا جا رہا ہے جبکہ اسکولوں اور کالجوں کے نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کام شروع کردیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سرکاری اسکولوں کو بہتر اور ان کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں جس کے نتائج جلد سامنے آئیں گے۔