وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے کچھ کمرشل آپریشنز کو آؤٹ سورس کرنے کی پیشکش کر رہے ہیں، ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ کے تمام مراحل میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہوگی۔
وزیراعظم سے استنبول گرینڈ ایئرپورٹ (آئی جی اے) کے وفد کی ملاقات ہوئی، جس میں ترکیہ کے لاہور میں تعینات قونصل جنرل، سفارتی عملے کے دیگر ارکان بھی موجود تھے، ملاقات میں وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف، وفاقی وزیر احد چیمہ دیگر شریک تھے۔
استنبول گرینڈ ایئرپورٹ (آئی اے جی) وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری، شراکت داری کے مواقع میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، پاکستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر انحصار بڑھا رہا ہے، ہم دنیا بھر کے کاروباری افراد، سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ برادر ملک ترکیہ سے سرمایہ کاری اور شراکت داری کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، اسلام آباد، کراچی، لاہور کے ہوائی اڈوں پر سہولتیں بہتر کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، پاکستان میں شہری ترقی کے شعبے میں سرمایہ کاری، شراکت داری کی بڑی گنجائش ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ دو برادر ممالک ہیں، باہمی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان کاروباری شراکت داری بڑھانے کا یہی مناسب وقت ہے۔