• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: اسکول بیگ میں اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام، پولیس کانسٹیبل گرفتار

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کراچی کے کشمیر روڈ پر کارروائی کر کے خیبر پختون خوا پولیس کے کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا اور اسکول بیگ میں اسلحے کی اسمگلنگ ناکام بنادی۔

ڈی ایس پی راجہ عمر خطاب کے مطابق سی ٹی ڈی انٹیلیجنس ونگ نے کے ایم سی اسپورٹس کپملیکس کے قریب کارروائی کی۔

ملزم پولیس اہلکار اظہر الدین کے پاس موجود اسکول بیگ سے چھوٹے ہتھیار برآمد ہوئے۔

گرفتار ملزم کا تعلق بین الصوبائی اسلحہ اسمگلنگ گروہ سے ہے، گروہ کراچی سمیت پاکستان میں آن لائن اسلحہ سپلائی کرتا ہے، ملزم کے پی کے بس اڈے کے منشی دانیال کے لیے کام کرتا ہے۔ 

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دانیال اسلحہ ڈیلرز قدیر، صدام اور ندیم اینڈ سنز کا مرکزی کارندہ ہے۔

گرفتار ملزم اظہر الدین کے قبضے سے کے پی کے پولیس کا کارڈ برآمد ہوا، ملزم پہلے بھی کراچی میں اسلحے کی سپلائی کر چکا ہے۔

آئی جی سندھ کی جانب سے آرمز ٹریفکنگ اینڈ مانیٹرنگ ڈیسک بنایا گیا تھا۔

سی ٹی ڈی کا خصوصی ڈیسک مکمل مانٹیرنگ کرتا ہے۔ کے پی کے میں تین اسلحہ ڈیلر بھاری ہتھیار اب تک کراچی بھیج چکے ہیں۔

سی ٹی ڈی گروہ کے دو ملزمان کو پہلے بھی گرفتار کرچکی ہے، اسلحہ اسمگلنگ میں زیادہ تر ریٹائرڈ یا ڈسمس ایف سی اہلکار ملوث ہیں، شہری آن لائن آرڈر بک کرواتے ہیں، ڈیلیوری دانیال منشی کرواتا ہے۔

دانیال آنے جانے کا کرایہ اور فی پستول معاوضہ ادا کرتا ہے، ملزمان کراچی آ کر پارٹی کے ہاتھ میں اسلحہ دیتے ہیں اور واپس آ جاتے ہیں، گرفتار ملزم کو سی ٹی ڈی منتقل کر دیا گیا ہے اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

قومی خبریں سے مزید