قاہرہ میں جاری غزہ جنگ بندی مذاکرات میں بنیادی نکات پر فریقین میں پیش رفت ہوئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس اور قطر کے وفود قاہرہ سے روانہ ہو چکے ہیں، حتمی معاہدے کی شرائط پر رضامندی کے لیے دو دن کے اندر وفود کی واپسی ہو گی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگلے دو دنوں میں جنگ بندی مذاکرات پر مشاورت جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی میں غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں غزہ جنگ بندی پر بات چیت کا نیا دور شروع ہوا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سی آئی اے چیف ولیم برنز اور قطر کے وزیرِ اعظم شیخ محمد قاہرہ پہنچ گئے ہیں۔
حماس اور اسرائیل دونوں نے اپنے اپنے وفود کی مذاکرات میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔
مصری ذرائع کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر جنگ بندی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے ایک بار پھر ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیدیوں کی واپسی تک جنگ بندی نہیں کی جائے گی۔
نیتن یاہو کا بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب ان کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شدت اختیار کر گئے ہیں، ہزاروں اسرائیلی شہریوں نے نیتن یاہو کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔