• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے

ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ 

ملک کے مختلف شہروں میں نماز عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں نمازِ عید ادا کی۔

نواب شاہ میں زرداری ہاؤس میں نمازِ عید کا اجتماع ہوا، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے عیدالفطرکی نماز ادا کی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میرانشاہ اور اسپن وام کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی۔

صدر اور وزیراعظم نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے، صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خوشی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نہیں بھولنا، فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں امن اور امداد کی فراہمی یقینی بنائے، عید معاشی کمزور بہن بھائیوں کی خوشیوں میں مدد کا نام ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ صاحبِ ثروت ضرورت مندوں کو خوشیوں میں شامل کریں، ملک کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت اور سرحدوں کی حفاظت کرنے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کیا۔

دوسری جانب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، افغانستان، قطر، فلپائن، ملائشیا اور آسٹریلیا میں بھی آج عیدالفطر منائی جاری ہے۔

مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔

بھارت اور بنگلہ دیش میں چاند نظر نہیں آیا وہاں عید جمعرات کو ہو گی۔

برطانیہ سمیت یورپی ممالک، امریکا اور کینیڈا میں بھی آج عید منائی جائے گی، مقبوضہ کشمیر میں آج پاکستان کے ساتھ عید منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید