• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمد حفیظ دورۂ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے معاوضے کے منتظر

کراچی (عبدالماجدبھٹی) سابق پی سی بی انتظامیہ نے ڈائریکٹر محمد حفیظ کے ساتھ بطور ٹیم ڈائریکٹر طویل معاہدہ کرنے کے لئے وزارت بین الصوبائی رابطہ سے اجازت مانگی تھی لیکن انہیں اجازت نہ مل سکی اسی لیے حفیظ نے معاہدے کے بغیر ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ میں کام کیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی نئی ٹیم انتظامیہ کا اعلان ہوگیا ہے، اسپن بولنگ کوچ سعید اجمل کے علاوہ کوئی بھی کوچ عہدہ برقرار نہیں رکھ سکا ہے۔ محمد حفیظ عہدے سے ہاتھ دھونے کے بعد اب تک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں چھ ہفتے کے معاوضے کے منتظر ہیں ، امکان ہے کہ عید کے بعد انہیں بقیہ پیسے مل جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق انتظامیہ نے انہیں ایک ماہ کے لئے ڈائریکٹر کرکٹ مقرر کیا تھا اور طویل معاہدہ دینے کی تجویز تھی۔ البتہ نگراں وزیر اعظم کی جانب سے وزارت بین الصوبائی رابطہ کو حکم دیا گیا کہ وہ پی سی بی حکام کوطویل معاہدوں سے روکیں اور روز مرہ کے معاملات تک محدود رکھا جائے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک خط کے ذریعے منسٹری سے اجازت مانگی لیکن ایسا نہ ہونے پر انہیں وطن واپس آکر استعفی دینا پڑا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں محمد حفیظ اور چیف سلیکٹر وہاب ریاض ایک صفحے پر نہیں تھے ۔ محمد حفیظ نے اپنی پسند سے ملکی اور غیر ملکی کوچز رکھے لیکن موجودہ انتظامیہ نے سعید اجمل کے علاوہ کسی کوچ کو برقرار نہیں رکھا جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی کو بھی عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا۔ ورلڈ کپ کے بعد فیلڈنگ کوچ آفتاب خان کو فارغ کردیا گیا تھا وہ نیوزی لینڈ کی ہوم سیریز میں ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔

اسپورٹس سے مزید