کراچی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اہلکار کی بچی سے بدسلوکی کی ویڈیو پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کا موقف سامنے آگیا۔
اے ایس ایف ترجمان کے مطابق ایئرپورٹ پر بچی کو غیر شائستہ طریقے سے روکنے کی ویڈیو ایک سال پرانی ہے۔
اے ایس ایف ترجمان کے مطابق بچی سے بدسلوکی اہلکار کا انفرادی فعل تھا، جس پر اہلکار کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوچکی ہے۔
ترجمان کے مطابق اے ایس ایف پاکستان آرمی ایکٹ کے تابع ایک منظم فورس ہے، کوئی کوتاہی سامنے آتی ہے تو اُسی وقت تدارک کیا جاتا ہے۔
اے ایس ایف ترجمان کے مطابق ادارے میں فوج کی طرز پر احتساب کا بلاتخصیص کڑا نظام رائج ہے۔
گزشتہ دنوں ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں اہلکار نے باپ کی طرف بے ساختہ دوڑتی بچی کو بال سے پکڑ کر گرادیا تھا۔