• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے سے 25 افراد جان سے گئے


پنجاب اور بلوچستان میں ایک طرف طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی تو دوسری جانب آسمانی بجلی گرنے سے 25 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

آسمانی بجلی گرنے سے پنجاب میں 17 اور بلوچستان میں 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

رحیم یار خان میں آسمانی بجلی گرنےسے 2 بچوں اور میاں بیوی سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے، لودھراں، بہاولپور، بہاولنگر سمیت مختلف شہروں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔

بلوچستان میں ندی نالے بپھر گئے، توبہ اچکزئی میں گاڑی اور ٹریکٹر ٹرالی ریلوں میں بہہ گئی، تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

اولوں کی برسات سے سیب، چیری، بادام اور خوبانی کے باغات اور سبزیوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

خیبر پختونخوا کے دریائے پنچکوڑہ میں بھی سیلابی صورتِ حال، متعدد مکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

کالام کے پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برف باری ہورہی ہے جبکہ سوات کے علاقے بحرین میں شدید بارشوں کے بعد پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

لوئر دیر میں موسلادھار بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی ہے جبکہ دریائے پنچکوڑہ میں سیلابی صورتحال ہے، خال کے مقام پر دریائے پنچکوڑہ کا پانی دکانوں میں داخل ہوگیا، شدید بارشوں سے منڈہ اور میدان میں متعدد مکانات بھی گر گئے۔

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ نالے میں سیاحوں کی گاڑی پانی کے تیز بہاؤ کی زد میں آگئی، لوگوں نے گاڑی میں سوار افراد کو بچالیا۔

نوشہرو فیروز ہالہ، نیو سعیدآباد، پڈ عیدن، سانگھڑ سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔ سعید آباد میں قومی شاہراہ پر مختلف حادثات میں 35 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

قومی خبریں سے مزید