• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں بارش سے موسم خوشگوار، آسمانی بجلی گرنے کے واقعات، نشیبی علاقوں میں پانی جمع

کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں اتوار کو گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کی شدت کم ہوگئ جب کہ نیا ناظم آباد سمیت مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی رونما ہوئے، محکمہ موسمیات نے پیر کو بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے، کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹائون میں 29 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ، ناظم آباد 21.2 ،گلشن حدید میں 20 اورکورنگی میں17ملی میٹر بارش ہوئی ،بیس فیصل اور کیماڑی میں انیس 19اور مسرور بیس 18ملی میٹر ،یونیورسٹی روڈ 15.7،ملیر،نارتھ کراچی، سعدی ٹائون 15،پندرہ ،اورنگی ٹائون میں 14.4 ملی میٹر ،اولڈ ایئر یا 15.1،جناح ٹرمینل 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ،ادہر پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عوام آسمانی بجلی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں، شہری گرج چمک کے دوران درختوں کے نیچے پناہ لینے اور بیٹھنے سے گریز کریں،پی ڈی ایم اے نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھلے آسمان تلے چمکدار اشیاء بالکل نہ رکھیں، جانوروں کو کھلے مقامات پر نہ باندھیں، لوہے کی چیزوں، گاڑیوں اور کھمبوں سے دور رہیں، میدانی علاقوں، ساحلوں اور دیگر کھلے علاقوں میں نہ جائیں، کھلے میں موبائل فون گیم، لینڈ لائن فون، کمپیوٹر، لیپ ٹاپ کا استعمال نہ کریں، دوران گرج چمک موٹر سائیکل اور سائیکل پر سفر نہ کریں، علاوہ ازیں بارش سے بعض سڑکوں اور آبادیوں کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا بلدیاتی اداروں کا عملہ بھی نکاسی میں مصروف رہا،چھٹی کے باعث سڑکوں پر کم ٹریفک رہا اور شہریوں کومشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بارش سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں انہوں نے شہر کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ مختلف علاقوں میں واٹر کارپوریشن کی مشینری اور چوکنگ پوائنٹ پر پمپ پہنچا دیے گئے تھے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے نالوں کی صفائی بھی جاری ہے جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے عملے کی چھٹی منسوخ ہے اور سولڈ ویسٹ کا عملہ بھی سڑکوں پر موجود ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید