• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوٹنگ کے دوران ساتھی فنکار سے حقیقی محبت ہوگئی تھی: نوال سعید کا اعتراف


پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو ابھرتی ہوئی اداکارہ نوال سعید نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں ایک بار ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ساتھی فنکار سے حقیقی محبت ہوگئی تھی لیکن پھر اپنے دل کو سمجھا لیا۔

حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان کے دلچسپ سوالوں کے جواب دیئے۔

انہوں نے دوران انٹرویو رومانوی ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران ساتھی فنکار سے ہونے والی محبت کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ جب ہم کسی کے ساتھ دن بھر رہتے ہیں تو ایک دوسرے کے لیے احساسات پیدا ہو ہی جاتے ہیں۔

دوران پروگرام اداکارہ سے سوال کیا کہ کیا کبھی رومانوی ڈرامے کرتے ہوئے کسی ساتھی فنکار کو سمجھانا مشکل ہوا ہے کہ یہ صرف ڈرامے تک ہی تھا حقیقت سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے نوال سعید نے کسی کا نام لیے بغیر انکشاف کیا کہ ساتھی فنکار کو کیا، مجھے بھی ساتھی فنکار سے ایک بار محبت ہوگئی تھی لیکن پھر دل کو سمجھا لیا کہ کردار اور اداکار دونوں مختلف انسان ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم سیٹ پر 10 سے 12 گھنٹے ایک ساتھ کام کرتے ہیں اور پھر ڈراموں کے مکالمے بھی اسی نوعیت کے ہوتے ہیں تو ایک دوسرے کے لیے رومانوی احساسات ابھر جاتے ہیں، جو کہ وقتی ہوتے ہیں، یہ عام بات ہے لیکن پھر اس کردار سے نکلنا مشکل ہوتا ہے مگر اپنے دل کو سمجھا لیتی ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ اداکار نور حسن اور نوال سعید ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں اور جلد شادی کرنے والے ہیں۔

اداکارہ نوال سعید نے اداکار نور حسن کے ساتھ کئی ڈرامے کیے ہیں، گزشتہ سال ایک ٹی وی پروگرام میں نور حسن نے کہا تھا کہ بہت کم لڑکیاں ایسی ہوتی ہیں جو خوبصورت ہونے کے ساتھ ذہین بھی ہوں، میں نوال سے دنیا بھر کی باتیں، دل اور احساسات کی باتیں اور پورا دن باتیں کر سکتا ہوں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید