• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں 1 روز بعد پھر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

محکمۂ موسمیات نے بارش برسانے والے سسٹم کے کراچی سمیت سندھ بھر سے رخصت ہونے کی خبر دی تھی، اب بتایا ہے کہ نئے مغربی ہواؤں کے سسٹم کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر میں 1 روز بعد 17 اپریل سے گرج چمک کے ساتھ ایک بار پھر بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیا ت کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 16 اپریل کی رات کو جنوب مغربی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے تحت 17 اور 18 اپریل کو جیکب آباد، کشمور، سکھر، دادو اور سندھ کے دیگر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں 17 اپریل کی رات سے 19 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ کہیں درمیانی اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود ہے جبکہ درجۂ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، شہرِ قائد میں کل موسم گرم و مرطوب رہے گا جبکہ درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہ سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے ملک کے دیگر علاقوں میں بھی رواں ہفتے وقفے وقفے سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 16 اپریل کی رات بلوچستان کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گا، یہ مغربی ہوائیں 18 اپریل کو ملک کے بالائی علاقوں تک پھیل جائیں گی۔

اس سسٹم کے تحت 18 سے 21 اپریل کے دوران پنجاب، اسلام آباد، مری میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

18 سے 20 اپریل کے دوران ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، رحیم یار خان میں بارش ہو سکتی ہے۔

17 سے 19 اپریل کے دوران کراچی، حیدر آباد، سکھر، جیکب آباد، کشمور، جامشورو اور لاڑکانہ میں بادل بارش برسا سکتے ہیں۔

کل 16 اپریل سے 19 اپریل تک گوادر، نصیر آباد، سبی، کوہلو، ہرنایہ، مستونگ، بارکھان میں بارش کا امکان ہے۔

17 سے 21 اپریل تک خیبر پختون خوا میں چترال، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان میں بارش ہو سکتی ہے۔

18 سے 22 اپریل تک گلگت بلتستان و کشمیرمیں بارش، جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

17 اور 18 اپریل کو تیز بارش کے باعث بلوچستان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

18 سے 21 اپریل تک تیز بارش سے بالائی خیبر پختون خوا، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید