• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی کو جعلی کیسز میں بند کیا گیا ہے، علی امین گنڈاپور

اسکرین گریب
اسکرین گریب

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جعلی کیسز میں بند کیا گیا ہے، یہ سب بے نقاب ہوں گے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ فارم 47 بنانے والے نے اعتراف کیا تو کہا گیا وہ ذہنی مریض ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ضمیر جاگتا ہے تو کہتے ہیں ذہنی مریض ہے، یہ سمجھتے ہیں ڈنڈے کے زور پر منہ بند کر دیں گے، ملک میں سب سے بڑا مینڈیٹ پی ٹی آئی کو ملا، کبھی لندن پلان کبھی کوئی پلان بن جاتا ہے، کچھ لوگ اپنی خواہش پر ملک کو چلائیں گے تو ایسا ہی ہوتا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم سے ملاقات پر بانی پی ٹی آئی سے کوئی ناراضگی نہیں، وزیرِ اعظم قیادت کر رہے ہیں اس لیے بطور وزیرِ اعلیٰ معاملات انہیں سے چل رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مجھ پر جو مقدمات ہیں ان کے مطابق ایک وقت پر 8 ضلعوں میں موجود ہوں اور وہاں کارروائیاں کر رہا تھا، عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، عدالت پیش ہو گئے ہیں، یہ نظام دن بدن خود کو ایکسپوز کر رہا ہے، 6 ججز کے خط پر کمیشن بننا بہت ضروری ہے، ججز کے خط کے بعد چیزیں اوپن ہو چکی ہیں، ہماری جنگ جاری رہے گی،نظام کو پیغام ہے ملک پر رحم کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ڈیم ایم کی صورت میں جو تجربے کیے گئے، ان کے آنے کے بعد کیا حالات ہیں، یہ ایک دن ایکسپوز ہوں گے، انشاء اللّٰہ ان کے ضمیر جاگیں گے، لیکن جب ان کے ضمیر جاگتے ہیں تو کہتے ہیں یہ ذہنی مریض ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں سختی کی گئی لوگ نہیں نکل سکے، لوگوں نے خود جا کر نشان ڈھونڈ کر پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، بانی پی ٹی آئی کو مبارک دیتا ہوں آپ کی قوم جاگ چکی ہے، بانی پی ٹی آئی جلد باہر ہوں گے اور وزیرِ اعظم بھی ہوں گے۔

علی امین گنڈاپور کا یہ بھی کہنا ہے کہ عدت نکاح میں بشریٰ بی بی کو سزا دی گئی کتنی شرم ناک بات ہے، ہم نے بشریٰ بی بی کی صحت پر ان کو خط لکھا تھا کہ ان کے معائنہ کے لیے ہمیں اجازت دی جائے۔

قومی خبریں سے مزید